نوازشریف 90 کی سیاست دہرانا چاہتے ہیں تو ہم نے بھی چوڑیاں نہیں پہن رکھیں، خورشید شاہ

Khurshid Shah

Khurshid Shah

سکھر (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ چھوٹے صوبوں میں صرف سندھ ہی ہے جو وفاق کو ساتھ لے کرچلنا چاہتا ہے لیکن اگر نوازشریف 90 کی سیاست کو دہرانا چاہتے ہیں توہم نے بھی چوڑیاں نہیں پہن رکھی ہیں۔

سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ اپنی قیادت کومصیبت میں بھولنے والےسندھ نہیں بلکہ وفاق کودھمکیاں دے رہے ہیں جب کہ وفاق مضبوط ستون ہے لہذا اسے کمزورنہ کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے صوبوں میں صرف سندھ ہی ہے جو وفاق کو ساتھ لے کرچلنا چاہتا ہے لیکن اگر نوازشریف 90 کی سیاست کو دہرانا چاہتے ہیں توہم نے بھی چوڑیاں نہیں پہن رکھی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک سے لیڈرختم ہوگئے ہیں اور حکمران موجود ہیں لہٰذا پاکستان کو پارلیمنٹ اورعوامی ہی بچاسکتے ہیں جب کہ نوازشریف کپتان ہیں فیصلہ وہی کریں گے کہ کیسے چلنا ہے اور آئندہ کیسا پاکستان چاہیے کیونکہ نہ میں فرشتہ ہوں نہ وزیراعظم نوازشریف فرشتے ہیں۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے لیے پیپلزپارٹی نے بہت سی قربانیاں دی ہیں اور جمہوریت کے لیے ہی حکومت کے ساتھ آگ میں کود پڑی جب کہ پیپلزپارٹی نے دہشت گردی کے خلاف نہ صرف جنگیں لڑیں بلکہ قربانیاں بھی دیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارے اپنی حدود میں رہیں

کرپشن صرف سندھ میں نہیں پنجاب میں بھی ہے اور کرپشن کے خلاف اتنے ہی ہیں جتنا کہنے والے کہنے کی حدتک ہیں لیکن اگر کرپشن کے خلاف نئی قانون سازی کی ضرورت ہے توہم ساتھ ہیں۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ رینجرز نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کرداراداکیا ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سندھ حکومت اس کے ساتھ ہے جب کہ رینجرز کے اختیارات وہی ہیں جوانہیں دیئے گئے ہیں۔