نئی دہلی: پی آئی اے کے دفتر پر انتہا پسند ہندوؤں کا حملہ

PIA Office New Delhi

PIA Office New Delhi

نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں انتہا پسندوں کی طرف سے پی آئی اے کے دفتر پرحملہ کیا گیا ہے۔ پی آئی اے انتظامیہ نے دہلی میں اپنے عملے کو دفتر چھوڑنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حملہ آوروں کا تعلق بجرنگ دل سے ہے جنہوں نے پی آئی اے کے دفتر کے ریزرویشن کاؤنٹر کے شیشے توڑ دیے۔ حملہ آوروں نے دفتر میں توڑ پھوڑ کی اور عملے کوہراساں کیا۔ انہوں نے پاکستان مخالف نعرے لگائے اور عملے کو فوری طور پر بھارت چھوڑنے کی دھمکی دی۔

پی آئی اے انتظامیہ نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عملہ محفوظ ہے۔ دوسری طرف پاکستانی ہائی کمیشن نے پی آئی اے کے دفتر پر حملے کے خلاف بھارتی حکومت سے احتجاج کیا ہے۔

پاکستانی ہائی کمیشن منظور میمن کا کہنا ہے کہ صورت حال کاجائزہ لے رہے ہیں، حملہ آور انتہا پسند ہیں۔ حملے کے وقت دفتر میں عملے کے 14 سے 15 افراد موجود تھے تاہم انہوں نے کہا کہ بھارت سے پی آئی اے دفتر کی سیکیورٹی بڑھانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ پی آئی اے کا دفتر دہلی شہر کے وسط میں واقع ہے۔