نئی دہلی میں اب گاڑیاں نمبروں کے حساب سے چلیں گی

New Delhi

New Delhi

نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں بڑھتی ہوئی آلودگی پر قابو پانے کیلئے عام آدمی پارٹی کی حکومت نے ایک تاریخی قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیصلہ کے نافذ ہونے کی صورت میں لوگ اپنی گاڑیاں ایک دن کے وقفہ سے چلا پائیں گے۔ 1،3،5،7،9 نمبروں والی کاریں ایک دن اور 2،4،6،8 نمبروں والی گاڑیاں دوسرے دن چلیں گی۔ تاہم اس سے سرکاری گاڑیوں، ایمبولینسوں اور پولیس کی گاڑیوں کو الگ رکھا جائے گا۔

ادھر سوشل میڈیا سے لے کر سڑک تک پر اس فیصلہ کی حمایت اور مخالفت میں زوردار بحث شروع ہو گئی ہے۔ اس فیصلے کی مخالفت کر رہے لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ قطعی صحیح نہیں ہے۔ اس سے افراتفری پھیلے گی۔ لوگوں نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ جب تک پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام ٹھیک نہیں کیا جاتاایسا کرنا خطرناک ہوگا۔ جبکہ فیصلہ کی حمایت کرنے والوں نے دہلی حکومت کے اس قدم کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دہلی کی فضا کو آلودگی سے پاک بنانے میں بہت حد تک مدد ملے گی۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ آلودگی میں اضافہ پر ہائیکورٹ نے دہلی حکومت کی سرزنش کی تھی جس کے بعد کیجریوال نے ایک ہنگامی اجلاس بلایا جس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔