نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا کو 159 رنز سے شکست دے دی

New Zealand Australia 1st ODI

New Zealand Australia 1st ODI

آکلینڈ (جیوڈیسک) نیوزی لینڈ نے مہمان آسٹریلیا کو 3 ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں 159 رنز سے یکطرفہ شکست دے دی۔

آکلینڈ کے ایڈن پارک گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوسکا۔ مارٹن گپٹل کے 90 رنز کی بدولت کیویز بلے بازوں نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 307 رنز بنائے جس کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 24.2 اوورز میں 148 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی۔

نیوزی لینڈ کی تباہ کن بولنگ کے سامنے آسٹریلیا کے5 بلے باز ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے اور میتھیو ویڈ 37 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ جیمس فالکنر 36، کین رچرڈسن 19، کپتان اسٹیون اسمتھ 18 ،ڈیوڈ وارنر 12، شان مارش 5 ، جان ہیزٹنگ 8 ، جارج بیلی 2 ،گلین میکسویل اور مچل مارش بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔ میٹ ہینری اور ٹرینٹ بولڈ نے 3،3،مچل سینٹنر نے 2، ایڈم ملنے اور کوری اینڈریسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکرگی پیش کرنے پر مارٹن گپٹل کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کی تو کیویز کی جانب سے مارٹن گپٹل نے 90، برینڈن میکولم 44 ، ہینری نیکول 61، گرینٹ ایلیٹ 21، کوری اینڈریسن 10، لیوک رونچی 16، ایڈم ملنے 14 اور کین ولیمسن بغیرکوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ مچل سینٹنر 35 اور میٹ ہینری 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل مارش، جیمس فالکنر اور جوش ہیزلی ووڈ نے 2،2 اور جان ہیزٹنگ نے ایک وکٹ حاصل کی۔