نائیجر میں امریکی امدادی کارکن اغوا

Niger

Niger

نائیجر (جیوڈیسک) نائیجر میں ایک مسلح شخص نے جمعے کے روز ایک امریکی امدادی کارکن کے گھر پر دھاوا بول کر اس کے دو محافظوں کو ہلاک کرنے کے بعد اسے اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گیا۔

اغوا کا یہ واقعہ نائیجر کے تاہوا علاقے کے قصبے ابالک میں پیش آیا۔

ابالک کے میئر احمد دیلو نے خبررساں ادارے روئیٹر کو بتایا کہ حملہ آور موٹر سائیکل پر آیاتھا۔ اس نے پہلے محافظوں کو ہلاک کیا اور پھر وہ فور وہیل ڈرائیو گاڑی لائے اور امریکی کارکن کو لے کر مالی کی سرحد کی طرف چلے گئے۔

نائیجر کی مالی کے ساتھ طویل سرحد اانتظامی لحاظ سے کمزور ہے اور حالیہ برسوں میں مسلح تشدد کے واقعات کو روکنے میں ناکامی کا سامنا رہا ہے۔

کسی نے ابھی تک اغوا کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعوی نہیں کیا۔

اس سے پہلے نائیجر میں کسی امریکی شہری کو اغوا نہیں کیا گیااور وہاں غیرملکیوں کےاغوا کے واقعات شاذ ونادر ہی ہوتے ہیں۔

نائیجر میں امریکی سفارت خانے نے تاہوا کے علاقے میں امریکی شہریوں کے لیے ایک ہنگامی پیغام جاری کیا ہے جس میں انہیں اغوا اور یرغمال بنائے جانے خطرے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ اس ملک میں اپنے لیے مناسب حفاظتی انتظامات کریں اور پیدل آنے جانے سے گریز کریں۔