نائیجیریا میں خاتون خودکش بمبار کے حملے میں 20 افراد ہلاک

Nigeria Blast

Nigeria Blast

ابوجا (جیوڈیسک) نائیجیریا کے شمال مشرقی شہر میڈگوری میں خاتون خودکش بمبار کے حملے میں 20 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے جب کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

نائیجیریا کے شمال مشرقی شہر میڈوگورا میں خاتون خودکش بمبار نے بس اسٹینڈ پر خود کو دھماکے سے اس وقت اڑالیا جب وہاں عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ خبر ایجنسی کےمطابق خاتون خودکش بمبار کی عمر 20 سال تھی جب کہ واقعے کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔

دھماکے کے بعد علاقے میں فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت نازک ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکا ظہر کی نماز کے وقت ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔