نائجیریا: خود کش بم دھماکوں میں 50 افراد ہلاک ، درجنوں زخمی

Nigeria,

Nigeria,

ابوجا (جیوڈیسک) نائجیریا کے شمال مشرقی علاقوں میں شدت پسند تنظیم بوکو حرام کی جانب سے کیے جانے والے خود کش بم دھماکوں میں پچاس سے زائد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

مدا گیلی کے قصبے میں ہونے والے دو خود کش دھماکے بوکو حرام کی شدت پسند خواتین نے کئے جن میں پچیس سے زائد افراد ہلاک ہوئے جبکہ ریاست بورنو کے حملوں میں تیس سے زائد افراد ہلاک اور سو سے زائد زخمی ہوئے۔

نائجیریا کے صدر محمد بوہاری نے گزشتہ ہفتے دعوی کیا تھا کہ شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے جنگجوؤں کی ’واضح شکست‘ کے بعد تنظیم سکیورٹی فورسز اور عوام پر منظم حملے نہیں کر سکتی۔

نائجیریا میں گذشتہ چھ برسوں کے دوران بوکو حرام کے حملوں میں سترہ ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ پندرہ لاکھ افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی۔

دوسری جانب سکیورٹی فورسز نے ایک کارروائی میں دس خودکش حملہ آوروں کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔