شب قدر ہزار راتوں سے افضل اور انسانیت کے لئے عظیم انعام ہے، مفتی محمد نعیم

Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم کہا کہ شب قدر ہزار راتوں سے افضل انسانیت پر اللہ تعالیٰ کا عظیم انعام ہے، رمضان کے آخری عشرے میں شب قدر کی تلاش ، شب بیداری اور کثرت سے عبادت کرنی چاہیے،اس مبارک رات کی قدردانی علامت ایمان اور سعادت کی نشانی ہے ، خوش قسمت لوگ وہ ہیں جن کو شب قدر نصیب ہو اور وہ عبادات سے اس کا حق ادا کریں، اعتکاف میں بیٹھنے والے خوش قسمت لوگ ہیں جن کیلئے اللہ تعالیٰ نے دھرا اجر رکھ دیا ہے۔

اتوارکو جامعہ بنوریہ عالمیہ کی محمدی مسجد میں معتکفین سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ رمضان المبارک انسانیت کیلئے بخشش وجنہم سے نجات کا سنہرا چانس ہوتاہے جس میں ہر طرف سے اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کا نزول ہوتاہے ، بدقسمتی ہے اگر کوئی شخص رمضان میں اپنی بخشش نہ کرائے ،اللہ تعالیٰ نے اس مہنے میں ایسی رات بنائی ہے جو ہزار راتوں سے افضل ہے اسی رات کو خلق خدا کی اچھائیوں اور برائیوں کے فیصلے ہوتے ہیں اسلیے آخری عشرے میں شب قدر کی تلاش میں شب بیداری اور کثرت سے عبادت کرنی چاہیے ، تلاوت قرآن اور نوفل زیادہ سے زیادہ ادا کرنے چاہیے،انہوںنے کہاکہ اعتکاف میں بیٹھے لوگ انتہائی خوش قسمت اور اللہ کے ہاں دھرے اجر کے مستحق ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں اپنا مہمان بنایا ہے ان کیلئے ضروری ہے کہ وہ وقت کی قدر کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی اس میزبانی کا بھرپور فائدہ اٹھائیں اور زیادہ سے زیادہ عبادات پر توجہ دیں۔