نہال ہاشمی سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ

Nihal Hashmi

Nihal Hashmi

اسلام آباد (جیوڈیسک) نہال ہاشمی وزیر اعظم کی جانب سے طلب کئے جانے پر وزیر اعظم ہاؤس پہنچے تو وزیر اعظم کے ترجمان آصف کرمانی نے نہال ہاشمی کو پارٹی رکنیت کی معطلی اور شوکاز نوٹس سے آگاہ کیا۔ نہال ہاشمی نے سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

نہال ہاشمی سے وزیر اعظم کی ہدایت پر استعفیٰ طلب کیا گیا ہے۔ نہال ہاشمی کے متنازع بیان پر وزیر اعظم نے نوٹس لیتے ہوئے انہیں وزیر اعظم ہاؤس طلب کیا تھا جہاں آصف کرمانی نے ان سے ملاقات کی اور وزیر اعظم کی ان کے بیان پر ناراضی سے آگاہ کیا۔

سینیٹر نہال ہاشمی کی جلال میں بیان بازی اس سارے طوفان کا پیش خیمہ ثابت ہوئی۔ لیگی رہنماء کی آبیل مجھے مار کے اصول پر مبنی تقریر کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔ لیگی رہنماء نے اپنے خطاب میں سیاسی مخالفین اور اداروں کو براہ راست دھمکیاں دیں۔

ان کا جے آئی ٹی کے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تم جس سے حساب لے رہے ہو وہ تو نواز شریف کا بیٹا ہے اور ہم اس کے کارکن، آج حاضر سروس ہو، کل ریٹائر ہو جاؤ گے، حساب لینے والو ہم تمہارا یوم حساب بنا دینگے، ہم تمہارے بچوں اور خاندان کیلئے پاکستان کی زمین تنگ کر دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنہوں نے بھی حساب لیا ہے اور جو لے رہے ہیں، کان کھول کر سن لیں ہم نے انہیں چھوڑنا نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تم پاکستان کے باضمیر اور باکردار رہنماء نواز شریف کا زندہ رہنا مشکل کر رہے ہو، پاکستانی قوم تمہارا زندہ رہنا مشکل کر دے گی۔

نہال ہاشمی نے عمران کان کو بھی نہ بخشا، کہتے ہیں قوم بنی گالہ میں رہنے والوں پر بھی زمین تنگ کر دے گی۔