سانحہ نلتر، شہید پائلٹس کی نماز جنازہ ادا، ملک میں ایک روزہ سوگ کا اعلان

Shaheed Pilot Funeral

Shaheed Pilot Funeral

اسلام آباد (جیوڈیسک) سانحہ نلتر پر یوم سوگ منایا جا رہا ہے۔قومی پرچم سرنگوں کر دیا گیا، المناک حادثے میں شہید پائلٹ میجر التمش، میجر فیصل اور ٹیکنیشن کی نماز جنازہ ادا، میتیں اسلام آباد کے لئے روانہ کر دی گئیں۔ 3 پاکستانی وزرا سفیروں کی میتوں کے ساتھ ان کے ملک جائیں گے۔

سانحہ نلتر پر یوم سوگ اور قومی پرچم سرنگوں ہے ، المناک حادثے میں شہید پائلٹ میجر التمش ، میجر فیصل اور ٹیکنیشن کی نماز جنازہ گلگت ہیلی پیڈ پر ادا کر دی گئی ، نماز جنازہ میں اعلی فوجی حکام اور گلگت بلتستان کی انتظامیہ کے سرکردہ افراد نے شرکت کی ، حادثے میں جاں بحق ہونے والے چار غیر ملکیوں سمیت سات افراد کی میتیں 3 ایم آئی سیونٹین ہیلی کاپٹروں میں اسلام آباد کے لئے روانہ کر دی گئی ہیں جہاں سے ان کی میتیں ان کے آبائی علاقوں میں روانہ کر دی جائیں گی۔

3 وزرا سفیروں کی میتوں کے ساتھ ان کے ملک جائیں گے۔ احسن اقبال میتوں کے ساتھ ملائیشیا اور انڈونیشیا جبکہ خرم دستگیر فلپائن کے سفیر کی میت کے ساتھ جائیں گے۔ عبدالقادر بلوچ میت کے ساتھ ناروے جائیں گے۔

گزشتہ روز پاک فوج کا ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 گلگت کے قریب نلتر میں انجن میں خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوگیا تھا ۔ ہیلی کاپٹر میں گیارہ غیرملکی اور چھ پاکستانی سوار تھے جو چیئر لفٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے جارہے تھے۔

حادثے میں ناروے اور فلپائن کے سفیر ہلاک ، جبکہ انڈونیشیا ، پولینڈ اور ہالینڈ کے سفیر زخمی ہوئے ، انڈونیشیا اور ملائیشیا کے سفیروں کی بیگمات جاں بحق ہوگئیں ، ہیلی کاپٹر کے دونوں پائلٹ میجر التمش ، میجر فیصل اور چیف ٹیکنیشن ذاکر شہید ہو گئے۔

دونوں پائلٹس کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے افسوسناک واقعے پر ایک روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔