شمالی کوریا کا بم تجربہ عالمی امن کیلئے خطرہ ہے : جان کیری

John Kerry

John Kerry

نیویارک (جیوڈیسک) شمالی کوریا کے ہائیڈروجن بم کے تجربے پر ماہرین نے شکوک و شبہات کا اظہار کر دیا، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شمالی کوریا کے جوہری تجربے کی متفقہ طور پر مذمت کی۔

جان کیری کہتے ہیں کہ شمالی کوریا کو ایک جوہری ریاست کے طور پر قبول نہیں کریں گے ۔ شمالی کوریا کے ہائیڈروجن بم کے تجربے پر مختلف ممالک کے ماہرین شکوک کا اظہار کر رہے ہیں ۔ شمالی کوریا کے بم تجربے کی اب تک کسی دوسرے ملک نے تصدیق نہیں کی ۔ ادھر وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ارنسٹ کا کہنا تھا ابتدائی تجزیے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہائیڈروجن بم تجربے سے متعلق شمالی کوریا کا دعویٰ درست نہیں۔

جنوبی کوریا کے انٹیلی جنس حکام کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے ہائیڈروجن بم کے تجربے کے دعوے کو آزادانہ طور پر ثابت کرنا طویل اور مشکل عمل ہے ، عالمی برادری پیانگ یانگ کے اقدامات کی شدید مذمت کر رہی ہے ۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں بھی شمالی کوریا کے اقدام کی متفقہ طور پر مذمت کی گئی۔

سلامتی کونسل کے مطابق شمالی کوریا کا ہائیڈروجن بم کا تجربہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے اور شمالی کوریا پر نئی پابندیاں عائد کرنے کے لیے اقدامات پر کام شروع کر دیا ہے ۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے ہائیڈروجن بم کے تجربے اشتعال انگیز قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے عالمی امن کی کوششوں کو دھچکا لگا ہے۔

جان کیری کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کو ایٹمی طاقت کے طور پر کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔