نیوکلئیر سپلائز گروپ کی رکنیت پاکستان کا حق ہے، ترجمان دفتر خارجہ

Nafees Zakaria

Nafees Zakaria

اسلام آباد (جیوڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ نیوکلئیر سپلائز گروپ کی رکنیت پاکستان کا حق ہے۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ پاکستان کا نیوکلیئر سپلائز گروپ میں اصولی مؤقف ہے کہ این ایس جی کی رکنیت پاکستان کا حق ہے اور اس سلسلے میں پاکستان بھرپورکوشاں ہے، گروپ کے ارکان کو بھی چاہئے کہ وہ پاکستان اور بھارت کو یکساں طور پر دیکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تاشقند میں پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم کی باقاعدہ رکنیت بھی مل جائے گی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ طورخم بارڈر پر ہونے والی کشیدگی سے پاک افغان تعلقات پر گہرا اثر پڑا ہم کبھی بھی نہیں چاہتے کہ دونوں ممالک میں کوئی کشیدگی ہو اور افغان وفد کی پاکستان آمد کا مقصد بھی کشیدگی ختم کرنا تھا۔ سرحدی انتظامی امور کے حوالے سے میکنزم پر کام شروع کردیا گیا ہے کیونکہ یہ انسداد دہشت گردی کےلئے انتہائی اہم ضرورت اور حصہ ہے۔ اب دونوں ممالک نے غیر ضروری سرحدی نقل و حرکت روکنے پر اتفاق بھی کرلیا ہے اور اس حوالے سے دونوں ممالک ہمہ وقت رابطے میں بھی ہیں۔

نفیس زکریا نے کہا کہ افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے حوالے سے بھی کام جاری ہے اس کی باعزت واپسی عالمی برادری کی ذمہ داری ہے اور افغان حکومت کو بھی چاہئے کہ مہاجرین کی واپسی کےلئے اقدامات کرے۔