اوباما نے صدارتی انتخابات سے قبل میری فون کالز ریکارڈ کروائیں تھیں: صدر ٹرمپ

Donald Trump

Donald Trump

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سابق صدر باراک اوباما نے صدارتی انتخابات سے قبل میری فون کالز ریکارڈ کی تھیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ اوباما نے الیکشن سے ایک ماہ قبل ٹرمپ ٹاور میں میری فون کالز ریکارڈ کروائی تھیں لیکن انہیں اس سے کچھ بھی حاصل نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کیا ایک ملک کے صدر کو یہ بات زیب دیتی ہے کہ وہ الیکشن سے قبل صدارتی امیدوار کی ٹیلی فون کال ریکارڈ کرے حالانکہ عدالت نے بھی ٹیلی فون ریکارڈ کرنے سے منع کر رکھا تھا۔

امریکی صدر نے کہا کہ صدارتی انتخابات سے قبل ٹیلی فون ریکارڈ کرنے کے معاملے پر مجھے ایک اچھا وکیل کر کے باراک اوباما کے خلاف مقدمہ درج کرانا چاہیئے تھا۔

دوسری جانب باراک اوباما کے ترجمان نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کی جانب سے لگائے گئے فون کالز کی نگرانی کے الزامات سراسر جھوٹ پر مبنی ہیں۔