مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کیساتھ کھڑے ہیں: نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

آزاد کشمیر (جیوڈیسک) آزاد جموں وکشمیر کے صدر راجا محمد فاروق حیدر خان کو آزاد کشمیر کا بارہواں وزیراعظم نامزد کردیا گیا ہے۔

اس موقع پر وزیرا عظم نواز شریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں ایماندار اور قابل کابینہ تشکیل دینے کی ضرورت ہے اور کشمیری عوام کو حکومت میں مثبت تبدیلی نظر آنی چاہئیے ۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کا نامکمل ایجنڈا ہے۔

وزیرا عظم ہاؤس میں اجلاس کی صدار ت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کی نومنتخب حکومت اداروں کی مضبوطی اور میرٹ کو یقینی بنائے اور ارکان اسمبلی مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی مدد کریں، پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت کرتا رہے گا ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کشمیری بھائیوں کی اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے ۔حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے ۔

نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی میں اتحادی جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے صدر سردار خالد ابراہیم خان کو مدعو نہ کرنے کا نوٹس لے لیا اور کہا کہ خالد ابراہیم پارلیمانی پارٹی کا حصہ ہیں ، اس لیے انہیں بلایا جانا چاہیے تھا ۔

وزیر اعظم نے انہیں مبارک باد دیتے ہوئے ان کی محنت اور سیاسی جدوجہد کو سراہا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے نومنتخب ارکان سے کہا کہ یہ ان کی خوش قسمتی ہے کہ وہ کشمیر کی آزاد فضاؤں میں زندگی بسر کرتے ہیں۔

ہمارے دل مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ آزاد کشمیر کے نامزد وزیر اعظم راجا فاروق حیدر خان نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے معاملات طے کرنے کے لیے مجھے فری ہینڈ دیا ہے ۔ کابینہ ارکان سے متعلق حتمی فیصلہ وزیر اعظم بن جانے کے بعد کروں گا۔