مقبوضہ کشمیر میں ایک مرتبہ پھر سبز ہلالی پرچم لہرا دیا گیا

Kashmir Protest

Kashmir Protest

سری نگر (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کے تمام تر ظلم اور ناانصافی کے باوجود ایک مرتبہ پھر کشمیریوں نے پاکستان سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے سبزہلالی پرچم لہرا دیا۔

حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کی قیادت میں کشمیریوں کی جانب سے سری نگر میں ریلی نکالی گئی جس میں شریک افراد نے پاکستان سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے “پاکستان زندہ باد” اور “کشمیر بنے گا پاکستان” کے فلک شگاف نعرے بلند کئے جب کہ شرکا نے ریلی میں ایک مرتبہ پھر پاکستانی پرچم لہرا دیئے جس پر بھارتی میڈیا تلملا اٹھا اور پاکستان کے خلاف اپنی روایتی دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نفرت انگیز زبان استعمال کرنا شروع کردی۔

بھارتی میڈیا کو کشمیری عوام کا ریلی میں پاکستانی پرچم لہرانا گویا جیسے ہضم ہی نہ ہوا اورٹی وی ٹاک شوز میں پاکستان مخالف پروگرام چلانا شروع کردیئے جب کہ دوسری جانب قابض بھارتی فوج اورحکومت کی جانب سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے باوجود معصوم کشمیری عوام کا پاکستان سے والہانہ محبت کا اظہار مزید بڑھتا جارہا ہے اوراسے دبانے کے لئے مقبوضہ وادی میں کشمیریوں پرظلم کے نئے سے نئے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 17 اپریل کوسری نگر میں نکالی جانے والی ریلی میں بھی شرکا نے سبز ہلالی پرچم لہرا دیا تھا جس کی پاداش میں قابض بھارتی فوج نے حریت رہنما مسرت عالم بٹ کو حراست میں لے کر ان پر کئی مقدمات قائم کردیئے۔