مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا داخلی مسئلہ تسلیم نہیں کیا جا سکتا : وزیراعظم نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ بھارت اب کشمیریوں کے ذہنوں پر تالے لگا سکتا ہے اور نہ ان کی آواز کو دبا سکتا ہے جب کہ کشمیر کے مسئلے میں پاکستان ایک فریق ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف 20 جولائی کو یوم سیاہ کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، قتل عام اور بچوں کو بینائی سے محرومی کے واقعات نے انسانیت کو اضطراب میں مبتلا کردیا ہے، کسی ریاست کو یہ اجازت نہیں دی جاسکتی کہ وہ سیاسی مفاد اور ریاستی حکمت عملی کے نام پر انسانیت کے ان مسلمہ اصولوں کو پامال کرے۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم کیخلاف شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مفاد اور ریاستی حکمت عملی کے نام پر اصول پامال نہیں ہو سکتے۔ بھارت خود اقوام متحدہ گیا اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیا۔ کشمیر کو اقوام متحدہ نے ایک متنازع علاقہ قرار دیا۔ کشمیر کو کسی بھی طرح بھارت کا داخلی مسئلہ تسلیم نہیں کیا جا سکتا

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارا کشمیریوں سے مذہبی، تہذیبی اور انسانی لہو کا رشتہ ہے۔ پاکستان آزمائش کی ہر گھڑی میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہم کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔