مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کا نوٹس لیا جائے، وزیراعظم کا عالمی رہنماؤں کو خط

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

امریکہ (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ممالک کی قیادت کو خط لکھا ہے جس میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم کی جانب سے یہ خط چین، فرانس، روس، برطانیہ اور امریکا کے سربراہان حکومت اور مملکت کو لکھا گیا ہے۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے باعث عالمی امن اور سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ وزیراعظم نے عالمی رہنماؤں سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم شہریوں کا قتل عام بند کروایا جائے۔

مسئلہ کشمیر حل نہ ہونا خطے میں مسلسل تناؤ اور عدم استحکام کا سبب ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک پر مسئلہ کشمیر سے متعلق ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ کشمیر کا تنازع سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر سب سے پرانا حل طلب مسئلہ ہے۔ کشمیر سے متعلق منظور قراردادوں کو 68 برس گزر گئے۔ کشمیری عوام آج بھی ان قراردادوں پر عملدرآمد کے منتظر ہیں۔ کشمیر میں اقوام متحدہ کی نگرانی میں شفاف استصواب رائے کروایا جائے۔