آف شور کمپنیاں بنانے والوں کا پیچھا کیا جائے: اسحاق ڈار کی ایف بی آر کو ہدایت

Ishaq Dar

Ishaq Dar

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا، جس میں پاناما اور بہماس لیکس کی تحقیقات کا جائزہ لیا گیا۔

چیئرمین ایف بی آر نثار محمد خان نے بتایا کہ پاناما لیکس میں 270 پاکستانی کمپنیز کا انکشاف کیا گیا ہے جبکہ 444 پاکستانیوں نے انفرادی طور پر سرمایہ کاری کی ہے۔ چیئرمین ایف بی آر کے مطابق پاناما سے متعلق 176 نوٹس بھیجے تھے جن میں سے 133 افراد نے جواب دیئے ہیں۔

نثار خان کا کہنا تھا کہ بہماس لیکس کے مطابق بھی 110 سرمایہ کاروں کو نوٹس بھیج چکے ہیں۔ اسحاق ڈار نے ایف بی آر کو ہدایت دی کہ آف شور کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کا بلاامتیاز پیچھا کیا جائے اور آف شور کمپنیوں میں سرمایہ کاری سے متعلق وزارت خارجہ سے بھی مدد لی جائے۔