آف شور کمپنیاں میری نظر میں غیر اخلاقی ہیں: تہمینہ درانی

Tehmina Durrani

Tehmina Durrani

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ک اہلیہ تہمینہ درانی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ایک بیان میں آف شور کمپنیوں کو غیر اخلاقی قرار دیتے ہوئے شریف فیملی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی تمام دولت وطن واپس لائیں۔ تہمینہ درانی کا کہنا تھا کہ غیر قانونی سے مراد قانون کا توڑنا ہوتا ہے جبکہ غیر اخلاقی ضمیر کا سودا ہوتا ہے جو زیادہ بڑا جرم ہے۔ آف شور کمپنیاں، غیر ملکی جائیدادیں اور اکاؤنٹس اگر قانونی بھی ہوں تو میری نظر میں وہ غیر اخلاقی ہیں۔

انہوں نے شریف خاندان کو مشورہ دیا کہ وہ اس معاملے سے خود کو کلیئر کروانے کیلئے سادہ زندگی اپنائیں اور تمام دولت قوم کو واپس کرکے قائداعظم محمد علی جناح کو مثال بنائیں۔ اگر میں امیر ہوتی تو میری دولت خدا کی دولت ہوتی اور وہ میرے ملک کے غریب اور نادار لوگوں کیلئے ہوتی۔ تہمینہ درانی کا کہنا تھا کہ اس غربت زدہ ملک میں میڈیا پر خود کو مہا امیروں کی فہرست میں خود شامل دیکھ کر شرمندگی ہوئی۔