میری آف شور کمپنی قانونی ہیں جس کی تمام دستاویزات موجود ہیں، علیم خان

Aleem khan

Aleem khan

لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان نے شریف برادران کو بیرون ملک اثاثے وطن واپس لانے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ میرے تمام اثاثے ڈکلیئر ہیں جب کہ کچھ بھی کرلیں عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علیم خان نے کہا کہ میری آف شور کمپنی قانونی ہے اور میرا ایک ایک اثاثہ ڈکلیئر ہے جس کے تمام دستاویزات موجود ہیں اور ریکارڈ ایف بی آر کے پاس موجود ہے جو عوام کے سامنے بھی پیش کررہا ہوں جب کہ این اے 122 کے کاغذات میں بھی کمپنی کا نام درج ہے۔ انہوں نے کہا کہ 3 لاکھ 80 ہزار پاؤنڈ کا جوابدہ ہوں جب کہ ایک ہی کمپنی میں 3 بار میرا نام آیا، اگر میری کوئی اور کمپنی ہے تو اس کے بارے میں بتائیں۔

علیم خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس میں ان کےخلاف میڈیا سیل بنا ہوا ہے لیکن کوئی کچھ بھی کرلے کسی بھی حالت میں عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا۔ انہوں نے وزیراعظم کے خاندان کے احتساب کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شریف برادران اپنے اثاثے ملک میں لائیں جب کہ دوسرے نمبر پر میرا احتساب کرلیں۔
واضح رہے پاناما لیکس کے انکشافات کی دوسری قسط میں پی ٹی آئی رہنما علیم خان کا نام بھی شامل ہے۔