اولڈ ٹریفرڈ کے میدان پر دوسرا معرکہ

Old Trafford Stadium

Old Trafford Stadium

اولڈ ٹریفرڈ (جیوڈیسک) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ جمعے سے اولڈ ٹریفرڈ میں شروع ہو رہا ہے۔ چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ اس نے لارڈز میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ 75 رنز سے جیتا تھا۔

پاکستان کی جیت میں یاسر شاہ کی دس وکٹوں اور کپتان مصباح الحق کی سنچری نے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ کے لیے اعلان کردہ 14 رکنی سکواڈ میں فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن اور بین سٹوکس کو شامل کیا ہے ۔یہ دونوں فٹ نہ ہونے کے سبب پہلا ٹیسٹ نہیں کھیلے تھے۔

ان کے علاوہ لیگ سپنر عادل رشید کو بھی سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اولڈ ٹریفرڈ انگلینڈ کی ٹیم کا مضبوط گڑھ رہا ہے

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے اولڈ ٹریفرڈ ٹیسٹ کے لیے پاکستان کے سابق آف سپنر ثقلین مشتاق کی خدمات بھی حاصل کی ہیں تاکہ وہ انگلش بیٹسمینوں کو سپن بولنگ کا اعتماد سے مقابلہ کرنے کے مشورے دے سکیں۔ پاکستانی ٹیم کسی تبدیلی کے بغیر میدان میں اترے گی۔

یاسر شاہ کے بارے میں ٹیم کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ دوسرے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے جمعرات کے روز ٹیم پریکٹس کے دوران بیٹنگ کرتے ہوئے ان کے بائیں کندھے پر گیند لگی تھی جس پر ٹیم کے فزیو شین ہیز نے انھیں فوری طور پر طبی مدد فراہم کی اور پھر انھیں سکین کے لیے ہسپتال لے جایا گیا۔

ٹیم کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ دوسرے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے پاکستانی ٹیم کی انتظامیہ کے مطابق سکین رپورٹ کلیئر ہے اور یاسر شاہ دوسرا ٹیسٹ میچ کھیل سکیں گے۔

اولڈ ٹریفرڈ انگلینڈ کی ٹیم کا مضبوط گڑھ رہا ہے۔ سنہ 2001 میں پاکستان سے ٹیسٹ ہارنے کے بعد میزبان ٹیم اس میدان پر نو میں سے سات ٹیسٹ میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے اور دو ڈرا ہوئے ہیں۔

پاکستان نے اولڈ ٹریفرڈ میں سات ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جن میں سے ایک جیتا ہے ایک میں اسے شکست ہوئی ہے، جبکہ پانچ ڈرا ہوئے ہیں۔