آپریشن رد الفساد مطلوبہ نتائج کے حصول تک جاری رہنا چاہیے: آئی ایس او پاکستان

ISO Pakistan

ISO Pakistan

لاہور : امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان اکبر حسین نے لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی جانب سے ملک بھر میں آپریشن ”ردالفساد”کے اعلان کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

کیونکہ ملک کی سلامتی اور استحکام کے لئے آپریشن ”ردالفساد” ہی دہشت گردی کی اس جنگ میں پھنسی پاکستانی قوم کی امید ہے اور پوری قوم پر امید ہے کہ آپریشن ”ردالفساد” دہشتگردی کے خاتمے تک جاری رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر عمل ہی آپریشن کی کامیابی کی ضمانت سمجھا جائے گا اس لئے آپریشن ردالفساد مطلوبہ نتائج کے حصول تک جاری رہنا چاہیے تاکہ وطن عزیز دہشت گردی کی لعنت سے پاک ہوسکے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں، اداروں میں چھپی کالی بھیڑوں، ، دہشتگردی اور فرقہ واریت کی تعلیم دینے والے مدارس، کالعدم جماعتوں اور سیاسی دہشتگردوں کیخلاف بلاامتیاز اور بے رحم آپریشن ہی پاکستان کو دہشت گردی سے محفوظ رکھنے کا اخری حل ہے ۔ کئی دہائیوں سے مقابلہ کرنے والی پاکستانی قوم کو اب امن و سلامتی کے خواہاں ہیں۔

آئی ایس او پاکستان کے ترجمان اکبر حسین کا کہناتھا کہ حکومت نے سنجیدگی سے قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کیا ہوتا تو لاہور،سیہون اور دیگر دہشت گردی کے واقعات رونما نہ ہوتے ہیں انہوںنے ایک بار پھر اپنے مطالبہ کو دہراتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد اور انکے کے سہولت کاروں کو عبرت ناک سزا دی جائے ساتھ ہی ساتھ کفر کے فتوے دینے والوں کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

ان دہشتگردوں کے ہاتھوں پاکستان کے تمام طبقات متاثر ہوئے ہیں یہ دہشت گرد پاکستان کی سرزمین پر ناسور ہیں انکے خاتمہ میں ہی پاکستان کی بقا ہے۔