آپریشن ضرب عضب میں حاصل کامیابیاں قابل تحسین ہیں: وزیر دفاع خواجہ آصف

Khawaja Asif

Khawaja Asif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور ہم نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے وہ کامیابیاں حاصل کی ہیں جو افغانستان میں نیٹو کے 16 ممالک مل کر بھی حاصل نہ کرسکے۔

اسلام آباد میں پاک اٹلی تجارتی کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے حوالے سے عالمی میڈیا کے تاثر کے برعکس پاکستان ایک پرامن ملک ہے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب میں وہ کامیابیاں حاصل ہوئیں جو افغانستان میں نیٹو کے 16 ممالک نے بھی حاصل نہیں کیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشت گردی کے علاوہ توانائی بحران کی شدت بھی ختم کردی ہے۔ پاکستان میں تجارت اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں، پاکستان سرمایہ کاری کے لئے دنیا کا پسندیدہ ترین ملک ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سی پیک میں وسطی ایشیائی ریاستیں، ترکمانستان اور ایران جیسے ممالک نے بھی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ یہ منصوبہ خطے کی مارکیٹوں اور دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کی مقامی مارکیٹوں میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرے گا۔