آپریشن سے لاعلمی کے امریکی دعوے جھوٹے ہیں: وزیر خارجہ میولود چاوش اولو

Mevlut Cavusoglu

Mevlut Cavusoglu

ازبکستان (جیوڈیسک) ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے کہا ہے کہ ترک مسلح افواج کے علیحدگی پسند دہشت گرد تنظیم PKK کی شامی شاخ PYD کے خلاف فضائی آپریشن کے بارے میں روس اور امریکہ کو معلومات فراہم کی گئی ہیں۔

ازبکستان کے سرکاری دورے کے دوران ایجنڈے کے موضوعات کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے ، عراق کے شمال میں واقع بہار سنجارا ور شام کے شمال میں واقع جبل قراچق میں PKK کے اہداف کے خلاف ترک مسلح افواج کے فضائی آپریشن کی خبر نہ ہونے سے متعلق امریکی دعووں کی تردید کی ہے۔

چاوش اولو نے کہا کہ حالیہ دنوں میں علاقے میں آپریشن کرنے کے بارے میں ہم نے اپنے اتحادی ملک امریکہ کو خود مطلع کیا تھا اور انہیں اپنے فوجیوں کو سرحد سے 20 سے 30 کلو میٹر جنوب میں لے جانے کا کہا تھا۔ علاوہ ازیں آپریشن سے دو گھنٹے قبل سمجھوتے کی ضرورت کے تحت ہم نے اس علاقے میں آپریشن کرنے کے بارے میں امریکہ اور روس کو آگاہ کیا تھا۔

کولیشن کے قطر مرکز اور روس کے شام میں آپریشن مرکز کے ساتھ بھی ان معلومات کا تبادلہ کرنے کا ذکر کرتے ہوئے میولود چاوش اولو نے کہا کہ اس سب کے باوجود اگر کوئی معلومات کا تبادلہ نہ کئے جانے کی بات کرتا ہے تو میں اس کو واضح اور دو ٹوک الفاظ میں بتا دینا چاہتا ہوں کہ میں اس کے ساتھ اتفاق نہیں کرتا۔

وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے کہا کہ مذکورہ علاقے میں ترک مسلح افواج کے آپریشن کے بارے میں اپنے اتحادیوں اور دوستوں کے ساتھ سفارتی راستے سے بھی اور فوجی راستے سے بھی معلومات کا تبادلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ آپریشن ترکی کا جائز حق ہے اور سرحد پار سے ترکی کے لئے دہشت گردی کے ہر خطرے کے مقابل ہر طرح کی حفاظتی تدبیر اختیار کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔