آپریشن ضرب عضب نے دہشتگردوں کی کمر توڑ دی : شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے ذریعے پاکستان کی بہادر افواج نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

آپریشن ضرب عضب کے 2 سال مکمل ہونے پر لاہور سے جاری اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے ذریعے ملک میں امن قائم ہوا ہے۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کیلئے پاک سرزمین تنگ کردی گئی ہے۔

پاکستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاک افواج اور دیگر سکیورٹی اداروں کے بہادر افسروں اور جوانوں نے جرات اور دلیری کی لازوال داستانیں رقم کی ہیں۔ آپریشن کے دوران شہید ہونے والے افسر اور جوان پوری قوم کے ہیرو ہیں۔