اورکزئی ایجنسی میں کان میں دھماکہ، 3 مزدور جاں بحق

Orakzai Agency Mine Blast

Orakzai Agency Mine Blast

اورکزئی (جیوڈیسک) اورکزئی ایجنسی کے علاقے ڈولی میں تیرہ روز بعد کوئلے کی کان پھر بیٹھ گئی، جس سے تین مزدور جاں بحق ہو گئے، چھ مزدوروں کو نکالنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

بااثر لوگوں نے انتظامیہ کی اجازت کے بغیر دوبارہ کام شروع کیا ، متعلقہ ادارے کچھ نہ کر سکے۔ ناکافی حفاظتی انتظامات ایک بار پھر مزدوروں کیلئے پیغام اجل لے آئے ، اورکزئی ایجنسی کے علاقے ڈولی میں واقع کوئلے کی کان میں گیس بھرنے سے دھماکا ہوا اور کان بیٹھ گئی جس سے کان میں کام کرنے والے کان کن دب گئے۔

بعد ازاں اطلاع ملتے ہی کان میں پھنسے مزدوروں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔ اس سے پہلے گزشتہ ماہ اورکزئی ایجنسی میں کوئلے کی کان بیٹھ گئی تھی جس کی وجہ سے متعدد مزدور جاں بحق ہو گئے تھے تاہم بااثر افراد نے انتظامیہ کی اجازت کے بغیر ہی دوبارہ کام شروع کر دیا۔

پچھلے حادثے کے بعد بھی متعلقہ ادارے مناسب حفاظتی اقدامات کے لیے کچھ نہ کر سکے۔