اورنج لائن منصوبہ ہر صورت مکمل کریں گے: شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے طلباء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا اپنے خطاب کے دوران کہنا تھا کہ چین کے تعاون سے پاکستان ترقی کر رہا ہے اور وہ اورنج لائن ٹرین کا منصوبہ بھی ہر صورت مکمل کر کے رہیں گے۔

انہوں نے مخالفین کے الزامات کا ثبوتوں کے ساتھ عدالت میں جواب دینے کا عندیہ بھی دیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے جوش و ولولے سے بھر پور خطاب نے حاضرین کو خوب محظوظ بھی کیا کیونکہ مائیک ایک بار پھر وزیر اعلیٰ کے جوش کا شکار ہو گیا۔

شہباز شریف نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ چینی زبان سیکھنے پر توجہ دیں۔ انہوں نے طلباء کو آئندہ ہفتے ملاقات کی دعوت بھی دی۔ تقریب کے اختتام پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے چینی قونصل جنرل اور وفاقی وزیر برائے پلاننگ سمیت طلباء میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے۔