اورنج ٹرین پر پیسہ لگانے سے قومیں نہیں بنتیں : عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

پشاور (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میاں صاحب کا کچھ پتہ نہیں چلتا کہ وہ کس وقت خودکش حملہ کر دیں ، انہیں کرکٹر بننا چاہئے تھا غلطی سے وزیر اعظم بن گئے۔ پشاور یونیورسٹی کے کانووکیشن ہال میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ اورنج ٹرین پر پیسہ لگانے سے قومیں نہیں بنتیں۔

قومیں انسانوں پر پیسہ لگانے سے بنتی ہیں ، ایشین ٹائیگر بننے کیلئے ضروری ہے کہ پہلے عوام پر پیسہ لگایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت تعلیم پر سب سے زیادہ پیسہ خرچ کر رہی ہے اور مزید پیسے بھی لگائے گی۔ کوشش کر رہاہوں کہ طلباء میں سے لیڈر پیداکروں، حکومت کے پہلے سال جسمانی طور پر فٹ نہیں تھے۔ دوسرے سال دھرنے میں بیٹھ گئے ، جمہوریت کیلئے دھرنا ضروری تھا، میں نے کبھی پاکستانیت کو ترک کرنے کانہیں سوچا ، میرا سارا پیسہ پاکستان میں ہے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ میاں صاحب کا کچھ پتہ نہیں چلتا کہ وہ کس وقت خودکش حملہ کر دیں ، انہیں کرکٹر بننا چاہیئے تھا وہ غلطی سے وزیر اعظم بن گئے ، اس وقت پاکستان میں ڈھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں ، عمران خان کی آمد کے موقع پر ہال میں اجازت نہ ملنے پر طلباء نے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا ۔ عمران خان اس سے قبل چارسدہ کے علاقے شیخ آباد بھی گئے جہاں انہوں نے سابق وفاقی وزیر نثار محمد خان کی وفات پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔