این اے 122 میں منظم دھاندلی کے ثبوت نہیں ملے: دانیال عزیز

Danial Aziz

Danial Aziz

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے کہا تحریک انصاف ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے این اے 122 میں کسی قسم کی منظم دھاندلی کے ثبوت نہیں ملے۔

عمران کے موقف کو شکست ہوئی ہے۔ این اے 122 کے 270 پولنگ اسٹیشن میں سے ایک پولنگ اسٹیشن میں بھی دھاندلی ثابت نہیں ہوئی۔ ان کا مزید کہنا تھا نادرا رپورٹ میں ججز نے منظم دھاندلی کو مسترد کر دیا۔

عمران پہلے دن سے غلط بیانی کر رہے ہیں عمران نے جسٹس افتخار کو ولن کہا تھا جب جوڈیشل کمیشن میں گئے تو 35 پنکچر کی ریکارڈنگ کہاں گئی؟۔ نجم سیٹھی پر بھی الزام لگائے ثبوت پیش نہیں کر سکے۔ عدالت کے سامنے عمران آئیں، شائیں بائیں کرتے رہیں۔

عدالت نے عمران کو کہا ہے کہ وقت ضائع نہ کریں ثبوت پیش کریں۔ دانیال عزیز نے کہا ننکانہ صاحب اور کراچی میں پی ٹی آئی والوں کی ضمانت ضبط ہوئی اور کنٹونمنٹ بورڈز راولپنڈی کے الیکشن میں بھی تحریک انصاف کی ضمانتیں ضبط ہوئیں۔ دانیال عزیز نے کہا عمران نے پاکستان میں اربوں ڈالرکی سرمایہ کاری کو متاثر کیا۔

اب جھوٹ اور فریب بہت ہو گیا ہے اداروں کو کام کرنے دیا جائے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما زاہد حامد نے کہا کاؤنٹر فائل پر انگوٹھوں کے نشان خراب معیار کیوجہ سے تصدیق نہیں ہو سکے۔ تمام ووٹوں کے شناختی کارڈ نمبر درست پائے گئے ہیں۔