اوسلو: علامہ مرتضیٰ کشمیری کا انجمن حسینی ناروے میں ایک اجتماع سے خطاب

Agha Murtaza Kashmiri Visit

Agha Murtaza Kashmiri Visit

اوسلو (پ۔ر) عراق کے معروف عالم دین اور دنیا شیعیت کے عظیم مرجع تقلید آیتہ اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کے یورپ میں نمائندے علامہ سید مرتضیٰ کشمیری نے کہا ہے کہ انسان کو خدا تعالیٰ نے عقل دے کر شرف عطا کیا ہے اور اسی وجہ سے اس پر بھاری ذمہ داری بھی عائد کر دی گئی ہے۔

وہ انجمن حسینی نارو ے کے اوسلو میں واقع مرکز میں ایک اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

اس سے پہلے انجمن حسینی کے مذہبی امور کے ڈائریکٹر علامہ ڈاکٹر سید زوار حسین شاہ نے انجمن حسینی کی انتظامیہ کے ہمراہ مہمانوں کا استقبال کیا اور اجتماع کے دوران مہمانوں کا تعارف بھی کروایا۔

اس موقع پر مولانا سید داود حیدری، مولانا اعجاز حسین آشناء، انجمن حسینی ناروے کے صدر راجہ جاوید اقبال اور سابق صدر سید ہمایوں شاہ بھی موجود تھے۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض انجمن کے جنرل سیکرٹری ضیغم عباس نے انجام دیئے۔

سید مرتضیٰ کشمیری نے کہاکہ انسان اور حیوان میں واضح فرق ہے۔ انسانوں کو خدا کی عبادت اوردوسرے انسانوں کی خدمت انجام دینی چاہیے۔

دنیا کو آخرت پر ترجیح نہیں دینا چاہیے اور نہ ہی مادیت کو معنویت پر۔ انسان اس لیے دنیا میں نہیں آیا کہ جانوروں کی طرح کھاپی کر چلاجائے۔انسان کی زندگی بامقصد ہونی چاہیے۔

انسان کا بامقصد پیدا کیا گیا ہے۔ انسان کو عقل سے نوازا ہے اوراسی وجہ سے انسان کو عزت اور عظمت بھی عطا کی ہے۔ہمیں اپنی نجات کے لیے خدا اور رسول کی اطاعت کرنا ہو گی۔ محمدو آل محمد(ص) کی سیرت اور تعلیمات پر عمل کرنا ہو گا۔

علماء کے بارے میں سید مرتضیٰ کشمیری نے کہاکہ ایک عالم دین شمع کی مانند ہوتا ہے، جودوسروں کو روشنی پہنچا کر خود مٹ جاتا ہے۔

ہمیں چاہیے کہ علماء سے بھرپور استفادہ کریں تاکہ ہماری اور ہمارے بچوں کی زندگیاں سنور سکیں۔ اس تقریب کے اختتامی مرحلے میں سیاسی اور مذہبی حوالے سے علامہ مرتضیٰ کشمیری سے سوالات بھی پوچھے گئے۔