اوول ٹیسٹ،انگلینڈ 328 رنز بنا کر آؤٹ, پاکستان کے ایک وکٹ پر تین رنز

Oval Test

Oval Test

لندن (جیوڈیسک) اوول کرکٹ گراؤنڈ میں جاری سیریز کے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ میں انگلش کپتان السٹر کک نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپننگ بلے باز الیکس ہیل اور کپتان کک نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں بلے بازوں نے پراعتماد انداز میں سکور بورڈ پر رنز لگانا شروع کئے اور مجموعی سکور 23 رنز تک پہنچا تو الیکس ہیلز محمد عامر کی گیند پر یاسر شاہ کو کیچ دے بیٹھے۔

دوسری وکٹ پر جوئے روٹ اور کپتان کک نے 46 رنز کی شراکت قائم کی لیکن کپتان 35 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ روٹ 26 رنز بنا کر وہاب ریاض کا شکار بنے جس کے بعد جیمز ونز بھی ایک رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کا شکار بنے اور گیری بیلنس بھی زیادہ دیر کریز پر نہ کھڑے ہوسکے اور وہ صرف 8 رنز بنا سکے۔ معین علی اور جونی برسٹو نے چھٹی وکٹ کے لیے 93 رنز کی شراکت داری قائم کر کے ٹیم کا سکور مستحکم کیا۔ جونی برسٹو 55 رنز بنا کر محمد عامر کا شکار بنے۔

آل رائونڈر معین کی شاندار سنچری کی بدولت انگلینڈ کی ٹیم 328 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے3 جب کہ محمد عامر نے 2 اور سہیل خان نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

پہلے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے اوپنر سمیع اسلم کی وکٹ کے نقصان پر تین رنز بنائے۔