بیرون ملک اثاثوں پر الیکشن کمیشن وزیراعظم نواز شریف کے خلاف کارروائی کرے، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ برطانوی اخبار کی جانب سے بیرون ملک دولت سے متعلق انکشافات کے بعد الیکشن کمیشن اور دیگر ادارے وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف کارروائی کریں۔

بنی گالہ میں پریس کانفرنس کے دوران عنمران خان نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے اپنے بچوں کے نام پر اثاثے بنائے ،خود منی لانڈرنگ اورکرپشن کرنیوالےکسی اور کو کیا روکیں گے، نواز شریف کو جواب دینا چاہیے پیسا کیسے آیاپیسا کیسے باہر گیا۔

مریم نواز کے شوہر نے اپنے اثاثے ظاہر کیوں نہیں کیے۔ نیب کے مطابق ملک میں ہر روز 12 ارب روپے کی کرپشن ہوتی ہے، نیب کو اگر اپنی ساکھ برقرار رکھنی ہے تو فوری طور پر خاندان کے اثاثوں کی تحقیقات کا آغاز کرے اور نیب کو کارروائی نہیں کرنی تو اسے بند کر دیا جائے، اسحاق ڈار کے بیان حلفی سے پتہ چلے گا کہ شریف خانسدان کے پاس اتنی دولت کیسے آئی اور جائیداد کیسے خریدی گئیں۔

عمران خان نے کہا کہ انہوں نے اپنےتمام اثاثے ظاہر کئے ہیں اور وہ سب پاکستان میں ہیں، پارٹی کا کوئی بھی کارکن ان سے اس حوالے سے پوچھ سکتا ہے اور اگر ان کی باری آئی تو وہ کسی کو نہیں چھوڑیں گے۔

اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کی بیرون ملک دولت سے متعلق ہمارا موقف صحیح ثابت ہو گیا ہے۔ پاناما لیکس کی دستاویزات سامنے آنے پر نیب، ایف بی آر اور الیکشن کمیشن وزیر اعظم اور ان کے اہل خانہ کے بیرون ملک اثاثوں سے متعلق معاملے کا سختی سے نوٹس لے۔