اویس شاہ کو بازیاب کروا لیا گیا، تین اغوا کار ہلاک

Owais Shah

Owais Shah

کراچی (جیوڈیسک) پاکستانی فوج کے محکمۂ اطلاعات آئی ایس پی آر کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سجاد علی شاہ کے بیٹے اویس شاہ کو بازیاب کروا لیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل عاصم باجوہ نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ اویس شاہ کو سکیورٹی اداروں کی ایک کارروائی کے دوران خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک سے اغوا کاروں کے قبضے سے چھڑایا گیا۔

اویس شاہ ایڈووکیٹ گذشتہ ماہ کراچی کے متمول علاقے کلفٹن میں واقع ایک سپر سٹور کے باہر سے غائب ہوگئے تھے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق اویس شاہ سکیورٹی اداروں کے پاس خیریت سے ہیں اور انھیں منگل کو ان کے والدین سے ملوا دیا جائے گا۔

جنرل باجوہ نے مزید کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے اویس شاہ کے والد کو فون کر کے انھیں ان کے بیٹے کی بازیابی کی مبارکباد دی۔ جنرل باجوہ کی ٹویٹ کے مطابق آرمی چیف نے انٹیلیجنس اور سکیورٹی اداروں کی کامیاب کارروائی کو بھی سراہا ہے۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے اویس شاہ کی بازیابی پر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو مبارک باد دی ہے اور اویس شاہ کی بازبابی پر سکیورٹی فورسز کے کردار کو قابل تحسین قرار دیا ہے۔

خیال رہے کہ شدت پسندوں نے پانچ سال قبل سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر کو جبکہ تین سال قبل سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹوں کو بھی پنجاب سے اغوا کیا تھا اور یہ دونوں رواں برس ہی بازیاب ہوئے ہیں۔