برصغیر پاک وہند میں اسلام بزرگان دین کی تعلیمات کے ذریعے پھیلا ہے

Gujranwala News

Gujranwala News

گوجرانوالہ : برصغیر پاک وہند میں اسلام بزرگان دین کی تعلیمات کے ذریعے پھیلا ہے ۔ حضرت مجدد الف ثانی نے سنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عمل اور اس کی تبلیغ کرکے اسلام کی تجدید کی انہوں نے سنت رسول سے روگردانی کو اسلام کے زوال کی وجہ قراردے کر مسلمانان ہند کو سنت کی پیروی پر ابھارا اور اس حقیقت کو واضح کیاکہ تمام دینی ودنیاوی سعادتوں کا حصول سنت رسول کی پیروی ہے ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی ، لاقانونیت ، بے روزگاری افلاس، معاشی ناہموار ی سمیت تمام درپیش مسائل کا واحدحل نظام مصطفےٰ کے نفاذ اور حضرت مجدد الف ثانی علیہ الرحمہ کی تعلیمات میں ہے۔

ان خیالات کا اظہار امیراعلیٰ عالمی ادارہ تنظیم الاسلام صاحبزادہ پیر محمد رفیق احمدمجددی نے عشرہ امام ربانی مجدد الف ثانی کے پہلے پروگرام منعقدہ دار العلوم نقشبندیہ امینیہ المعروف گول مسجد کے ایک بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت دنیا میں امت مسلمہ کو جن مشکلات کاسامنا ہے ان سے نجات کاایک ہی راستہ ہے کہ قرآن وسنت اور اولیاء اللہ کے پیغامات پر عمل کرتے ہوئے امت مسلمہ کے رہنما اور دیگر افرادا پنی تمام تر نفرتیں اور کدورتیں ختم کرکے دین اسلام کی سربلندی ، تحفظ ناموس رسالت اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لئے جو وقت کی اہم ضرورت ہے اپنا عملی کردار اداکریں اور پیار، محبت اور اخلاص کے پیغام کو عام کریں۔اس موقع پرقاضی عظیم مجددی ،فیا ض احمد باجوہ ،چوہدری امجد گجر علامہ انور سعید مجددی ،علامہ اشفاق احمد مجددی ،علامہ شہزاد مجددی ،علامہ ریاض احمد سلطانی ،علامہ راشد مجددی ،قاری خادم بلال مجددی ،قاری ساجد محمود مجددی ،قاری طالب حسین مجددی ،محمد عارف ماجد مجددی، اور معززین علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔