پاکستان اورافغانستان کے درمیان امن طویل مدتی ہونا چاہیئے، افغان سفیر

Afghan

Afghan

اسلام آباد (جیوڈیسک) افغان سفیرعمرزخی وال کا کہنا ہے کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات کے لیے بھر پورکردارادا کررہا ہے جب کہ دونوں ممالک کے درمیان امن کسی خاص مقصد کے لیے نہیں بلکہ طویل مدتی ہونا چاہیئے۔

اسلام آباد میں افغانستان سے متعلق تقریب سے خطاب کر تے ہوئے افغان سفیرعمرزخی وال کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات کے لیے بھرپورکردارادا کررہا ہے، دونوں ممالک جنگ یا امن کی حالت میں نہیں ہیں لیکن پاک افغان ممالک کے درمیان بد اعتمادی کی لہر پروان چڑھ رہی ہے جو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے جب کہ دونوں ممالک کی کوششوں کے باوجود بھی ہم بہت سی رکاوٹوں کو دور نہیں کرسکے ہیں۔
افغانستان کے سفیر نے کہا کہ جنگ اورعدم استحکام نہ ہی پاکستان کو فائدہ دے گا اورنہ ہی افغانستان کے مفاد میں ہے، امن کسی ایک خاص مقصد کے لیے نہیں بلکہ ایک طویل اور دونوں مملک کے فائدے کے لیے ہونا چاہیئے۔

امن کے حوالے ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سمیت افغانستان کی جانب سے اسے وسیع تناظرمیں دیکھا جارہا ہے جس کی بنیاد ہمدردی، مفاد یا کوئی تحفہ نہیں بلکہ دونوں ممالک کے قومی مفاد کے لیے ہے جو بہت اہمیت کا حامل ہے، جسے مزید آگے بڑھانا بھی چاہیئے۔ افغان سفیرنے پاک افغان مذاکرات کے نتائج کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان لوگوں کے لیے مثال ہے جو امن کو ترک کر کے جنگ کو اپنانے کی کوشش کرتے ہیں۔