پاک فضائیہ اور آرمی نے ضرب عضب میں مل کر کام کیا: آرمی چیف

Raheel Sharif

Raheel Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایئر ہیڈ کوارٹرز کا الوداعی دورہ کیا اور پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ اور پاک فوج نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ضرب عضب میں مل کر کام کیا۔

آرمی چیف جنرل راحیل ائر ہیڈ کواٹرز پہنچے جہاں انہیں پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے جنرل راحیل شریف کی ملکی دفاع مضبوط بنانے کیلئے کوششوں کی تعریف کی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے ملک کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے فضائیہ کے عزم کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ اور آرمی نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ضرب عضب میں مل کر کام کیا۔ ملکی فضائی سرحدوں کے موثر دفاع میں بھی پاک فضائیہ کا کلیدی کردار ہے ۔ آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ تینوں مسلح افواج کے مابین بہترین تعاون کو مزید مستحکم بنانا ہو گا۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے الوداعی دورے اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ گذشتہ رات انہوں نے صدر ممنون حسین کی جانب سے دیئے گئے عشائیے میں بھی شرکت کی۔