الخدمت پاکستان کے اندر پسے ہوئے طبقات میں خوشی کا سامان فراہم کر رہا ہے، راشد نسیم

Jamaat Islami

Jamaat Islami

کراچی 05 ستمبر 2016 (پ ر) نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ راشد نسیم نے مسجد رضوان میں منعقدہ جماعت اسلامی دستگیر زون کے چرم قربانی کے حوالے سے منعقدہ اجتماع کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنی خوشیاں قربان کرکے دکھی انسانیت کے دکھوں کو بانٹنا جماعت اسلامی کا بنیادی ایجنڈا ہے۔ جماعت اسلامی کا فلاحی ادارہ الخدمت ویلفیئر سوسائٹی پاکستان کے اندر پسے ہوئے طبقات میں خوشی کا سامان فراہم کر رہا ہے۔

عوام کی سچی اور بے لوث خدمت کرکے الخدمت نے ثابت کیا کہ انسانیت کی خدمت ہی میں رب کی رضا پوشیدہ ہے اور دیانت داری سے کی جانی والی خدمت میں جو برکت ہوتی ہے اس کا کوئی نعم البدل نہیں۔ قربانی کی کھالوں کی شکل میں الخدمت کے ساتھ تعاون درحقیقت قربانی کے اس اہم فریضے کی ادائیگی کو رب تعالیٰ کے حضور قبول و منظور بنانے کے لئے معاون ہوگا۔ عید الاضحی کے موقع پر جماعت اسلامی چرم قربانی کی مد میں جو رقوم حاصل کرتی ہے۔

اُس سے ہی خدمت عامہ کے یہ کام انجام پاتے ہیں اور یہ تمام فلاحی کام خالصتاً، رب کی رضا کے لئے کئے جاتے ہیں، اس لئے کسی قسم کے سیاسی، سماجی، مالی، مذہبی، فرقہ وارانہ تعصب سے بالاتر ہو کر انسانیت کی بے لوث خدمت کرتی ہے۔جماعت اسلامی کے کارکنان چرم قربانی مہم میں بڑھ چرھ کر حصہ لیں اور گھر گھر جا کر لوگوں کو الخدمت کی فلاحی و رفاعی سرگرمیوں سے آگاہ کریں۔ راشد نسیم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عوام کی خدمت کے اس سلسلے کو بہتر طریقے سے جاری رکھنے کے لئے عیدالاضحی پر قربانی کی کھالیں الخدمت کو دیں۔ اجتماع کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام امیر زون دستگیر اعظم محی الدین نے کہا کہ بے داغ ماضی اور اعلیٰ کردار کی وجہ سے لوگوں کا اعتماد جماعت اسلامی پر بڑھنا خدائے بزرگ و برتر کے فضل کا نتیجہ ہے۔ جماعت اسلامی نے خلق کی خدمت کو رب کی رضا حاصل کرنے کا سلوگن اس معاشرے کو دیا ہے اور دیانت داری کے ساتھ لوگوں کی امانتوں کو اہل افراد تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان بہتر منصوبہ بندی اور بھرپور افرادی قوت کو بروئے کار لاتے ہوئے چرم قربانی مہم کو کامیاب بنائیں۔