پاکستانی نژاد امریکن پولیس آفیسر نعمان راجہ قتل کے الزام میں ملزم قرار

Nauman Raja

Nauman Raja

نیویارک (جیوڈیسک) فلوریڈا میں 38 سالہ پاکستانی نژاد امریکن پولیس آفیسر نعمان راجہ کو اپنے اختیارات کے ناجائز استعمال، لاپرواہی اور زائد فورس کا استعمال کرتے ہوئے انسانی قتل کا مرتکب قرار دے دیا گیا۔

فلوریڈا سٹیٹ کے اٹارنی جنرل ڈیو آرنبرگ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ گزشتہ سال 15 اکتوبر 2015 کو انٹر سٹیٹ 95 پی جی اے بیلوارڈ، پام بیچ شہر فلوریڈا میں نعمان راجہ نے 6 فائر کر کے چرچ کے سیاہ فام موسیقار 31 سالہ جونز کو ہلاک کر دیا تھا۔

8 ماہ کی تحقیقات کے بعد گرینڈ جیوری نے 38 سالہ پاکستانی نژاد امریکن پولیس آفیسر نعمان راجہ کو قتل کا مرتکب قرار دے دیا۔ واقعہ کے مطابق پام بیچ فلوریڈا کے مقامی چرچ کا جونز نامی موسیقار اپنی لائسنسی گن کے ساتھ انٹر سٹیٹ 95 پام بیچ PGA بیلوارڈ پر سفر کر رہا تھا جب دوران سفر اسکی گاڑی خراب ہو گئی تو اس نے اپنی مدد کے لیے “ٹو ٹرک” کو کال کیا، اسی انتظار میں پولیس آفیسر نعمان راجہ اپنی پرائیویٹ وین میں وہاں سے گزرے ، روڈ کو بلاک دیکھ کر وہ رکے اور جونز سے پوچھا کہ سب ٹھیک ہے، جونز نے کہا کہ وہ ٹھیک ہے۔

تاہم کچھ مشکوک محسوس کرتے ہوئے نعمان راجہ نے اپنا تعارف کراتے ہوئے جونز سے کہا کہ وہ اپنے ہاتھ اوپر اٹھائے ، عدم تعمیل کرتے ہوئے جونز نے اپنی گن نکال لی، خطرے کو فوری طور پر بھانپتے ہوئے نعمان راجہ نے جونز پر 6 فائر کیے جس سے اسکی موت واقع ہو گئی۔ اس واقعہ کے بعد مقامی سیاہ فام کمیونٹی نے اپنا احتجاج جاری رکھا اور مطالبہ کرتے رہے کہ نعمان راجہ کو گرفتار کر کے اس پر قتل کا مقدمہ درج کیا جائے۔

اسی بنا پر گزشتہ 8 ماہ سے تحقیقات جاری تھیں اور بالآخر پام بیچ کی مشہور گرنیڈ جیوری نے نعمان راجہ کو جونز کے قتل کا ملزم قرار دیتے ہوئے اس پر مین سلاٹر سیکنڈ ڈگری فلونی اور قتل، فسٹ ڈگری فلونی کی دفعات کے تحت چارج شیٹ جاری کر دی ہے ۔ جرم ثابت ہونے کی صورت میں دونوں دفعات کی سزا 15 سال قید اور عمر قید ہے۔