پاک فوج کی سیلاب سے متاثر علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری

Pakistan Army Relief Operations

Pakistan Army Relief Operations

راولپنڈی (جیوڈیسک) پاک فوج کی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے، امدادی سامان کی تقسیم اور متاثرین کو طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

پاک فوج نے چترال میں نو سو تین افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل کیا، جبکہ انسٹھ ٹن راشن تقسیم کیا گیا، چترال اسکاوٹ اسپتال میں قائم آرمی میڈیکل کیمپ میں گیارہ سو اٹھہتر مریضوں کا علاج کیا گیا، چترال اسکاوٹ کے چار واٹر باورز کی مدد سے روزانہ بارہ ہزار لیٹر پینے کا صاف پانی تقسیم کیا جا رہا ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق چترال ریشون اور چترال بونی روڈ بحال جبکہ گیرات اور بیریر روڈ ٹریفک کے لئے کھول دی گئی ہے، امدادی کارروائیوں کے دوران لیہ میں ایک ہزار افراد کو محفوظ مقام پر منتقل اور خوراک کے دوسونوے تھیلے تقسیم کئے گئے، آرمی میڈیکل کیمپ میں دوہزار ایک سو تہتر افراد کا علاج کیا گیا، راجن پور میں کوٹ مٹھن کے مقام پر آرمی میڈیکل کیمپ میں چھ سو ستائیس افراد کا علاج کیا گیا۔

رحیم یار خان، خان پور اور لیاقت پور میں پینتالیس ہزار افراد اور اٹھانوے ہزار مویشیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، پاک فوج نے سندھ کے اضلاع، گھوٹکی، سکھر اور خیر پور میں بھی امدادی کارروائیوں کے دوران پانچ سو ساٹھ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا، جبکہ گھوٹکی کے شینک بند کا شگاف پر کرنے کے لئے ایک سو چالیس فوجی جوان سول انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں۔