پاکستان عوامی تحریک بادالونا کے قیام کی پروقار تقریب ،انصر اقبال صدر منتخب

PAT Nadalona Formation Ceremony

PAT Nadalona Formation Ceremony

بارسلونا (یوسف چوہدری) پاکستان عوامی تحریک بادالونا کے قیام کی پروقار تقریب ،انصر اقبال صدر منتخب ،سپین بھر سے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں نے رنگ برنگے جھنڈوں سے پنڈال کو سجا دیا، مرکزی قیادت کی بھر پور شرکت، پیرس میں دہشتگردی کے واقعے کی شدید مذمت اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ،بادالونا کمیونٹی کی بھی شرکت۔

تفصیلات کے مطابق 15 نومبر 2015ء کو پاکستان عوامی تحریک کے قیام کے سلسلہ میں بادالونا شہر میں عوامی جلسہ کی صورت میں ایک خسوصی تقریب کا انعقاد ایک کھلے مقام پر کیا گیا جس میں پاکستان عوامی تحریک اور منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی مرکزی قیادت سمیت کارکنوں اور عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت قاری عطا المصطفیٰ کیلانی نے حاصل کی جبکہ بارگاہ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں عقیدت کے گل شمریز قادری نے نچھاور کیے۔

تقریب میں اسٹیج سیکریٹری کے فرائض نوید احمد اندلسی نے سر انجام دئیے۔منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے مرکزی صدرمحمد اکرم بیگ، سرپرست محمد نواز کیانی، امیر تحریک علامہ عبدالرشید شریفی، صدر منہاج القرآن بادالونا آفتاب حسین ابرار، صدر پاکستان عوامی تحریک سپین محمد اقبال چوہدری، چیف آرگنائزر چوہدری امتیاز آکیہ، سیکریٹری جنرل راحیل اکرم، صدر عوامی تحریک بیسوس (بارسلونا) چوہدری یاسر عرفان بانیاں سمیت دیگر پارٹی قائدین نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔ تقریب میں کمیونٹی کی سیاسی وسماجی شخصیات کو بھی خصوصی پر مدعو کیا گیا تھا جن میں راجہ شعیب ستی، چوہدری نوید وڑائچ، حافظ عبدالرزاق صادق اور خان سعد اللہ خان شامل ہیں۔

تقریب کے ابتدائی حصے میں پاکستان عوامی تحریک سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری نے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہونے والی دہشتگردی کی شدید الفاط میں مذمت کی اور ایک منٹ کیلئے پنڈال میں خاموشی اختیار کی گئی، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہم ہر قسم کی دہشتگردی اور خصوصاً اسلام یا مسلمانوں کے نام پر کی جانے والی دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہیں، اسلامی تعلیمات میں کہیں بھی انتہاء پسندی اور قتل و غارت کی حوصلہ افزائی نہیں کی گئی جس کے بعد نوید احمد اندلسی نے پروگرام کو آگے بڑھاتے ہوئے بتایا کہ بادالونا جیسے اہم شہر میں پاکستان عوامی تحریک کے قیام کے لیے گزشتہ کئی ماہ سے کوششیں جاری تھیں جس کے لیے پاکستان عوامی تحریک کے بارسلونا اور بادالونا کے عہدیداران نے شب و روز خوب محنت کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان عوامی تحریک سپین کی مرکزی ٹیم اور بادالونا کے کارکنان کی مشاورت کے بعد پاکستان عوامی تحریک بادالونا کی نومنتخب ایگزیکٹو کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے مطابق صدر انصر اقبال ،سینئر نائب صدر عمران حیدر لطیف،نائب صدر میاں برکات احمد ،نائب صدر میاں عاطف نذیر ،سیکریٹری جنرل غلام مجتبیٰ اندلسی ، جوائنٹ سیکریٹری معظم رفیق،آرگنائزر چوہدری عاطف گوندل ،سیکریٹری فنانس ثاقب خان ،سیکریٹری ممبر شپ علی حسن ،سیکریٹری میڈیا چوہدری لقمان جبکہ ر فیصل مرتضی اور عابد علی عابد کو ایگزیکٹو ممبران کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری نے نو منتخب ذمہ داران سے حلف لیا اور تمام عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔

منہاج القرآن بادالونا کی جانب سے قدیراحمد خان نے عوامی تحریک بادالوناکی نومنتخب قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے قائد تحریک کی فکر کو ہر ایک تک پہنچانے کے لیے اپنے اور اپنی تنطیم کے عہدیداران کیطرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی جبکہ نومنتخب صدر انصر اقبال اور جنرل سیکریٹری غلام مجتبیٰ اندلسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی قیادت اور اپنے تمام دوست احباب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ عوامی و جمہوری انقلاب کے پیغام کو ہر ایک تک پہنچائیں گے اور اِس پیغام کی ترویج کے لیے بھرپور انداز میں محنت کریں گے۔

علامہ عبدالرشید شریفی نے بھی اپنی گفتگو میں نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد پیش کی اور انکی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ تقریب میں پاکستان عوامی تحریک کے قیام کے سلسلہ میں دن رات کی انتھک جدوجہد پر نوید احمد اندلسی ،اسد اقبال قادری،راحیل اکرم ایڈووکیٹ اور یوسف چوہدری کی خدمات کو بھی سراہا گیا ۔پروگرام کے آخر میں بادالونا کی مسلمان تنظیمات کی طرف سے شہر کی ممتاز سماجی شخصیت سعد اللہ خان نے ایک قراداد پیش کی جس میں پیرس میں دہشتگردی کے واقعے کی شدید مذمت کی گئی۔