پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ ڈرا

Match Draw

Match Draw

کھلنا (جیوڈیسک) پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔

کھلنا کے شیخ ابو نصر کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا ہے۔ بنگلا دیش نے اپنی دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 555 رنز بنائے۔ بنگلا دیش کی جانب سے دوسری اننگز میں تمیم اقبال نے 206 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ امر القیس نے بھی 150 رنز اسکور کئے۔ پاکستان کی جانب سے جنید خان اور محمد حفیظ نے 2،2 جب کہ ذوالفقار بابر اور اسد شفیق نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان نے بنگلا دیش کے پہلی اننگز کے اسکور 332 رنز کے جواب میں محمد حفیظ کے یادگار 224 رنز کی بدولت اپنی پہلی اننگز میں 628 رنز بنا کر مہمان ٹیم پر 296 رنز کی سبقت حاصل کی تھی۔ اسد شفیق اور اظہر علی نے 83، 83 رنز کی اننگز کھیلیں جب کہ سرفراز احمد نے 82 اور کپتان مصباح الحق نے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔ بنگلا دیش کی جانب سے تیج الاسلام نے 6، شواگتا ہوم نے 2 جب کہ محمد شاہد اور شکیب الاسلام نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بنگلا دیش نے اپنی پہلی اننگز میں 332 رنز بنائے تھے جس میں مومن الحق کی 80، امرالقیس کی 51 اور محموداللہ کی 49 رنز کی اننگز شامل تھیں۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ اور وہاب ریاض نے 3، 3 جب کہ محمد حفیظ اور ذوالفقار بابر نے 2، 2 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔ بنگلا دیش کے تمیم اقبال کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔