پاکستان اور چین کی گہری دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری

Pakistan and China Friendship

Pakistan and China Friendship

تحریر : صبا نعیم
وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے اقتصادی راہداری منصوبہ صرف پاکستان کیلئے گیم چینجر ہی نہیں بلکہ خطے کی تقدیر بدل دے گا، منصوبے سے خطے میں امن اور خوشحالی آئے گی، اقتصادی راہداری سے غربت ،بے روزگاری اور پسماندگی کا خاتمہ ہو جائے گا، پاکستان اور چین کی گہری دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری،پاکستان اور چین نے ہر فوم پر ہمیشہ ایک دوسرے کی حمایت کی۔ ترکی نے ہر مشکل میں پاکستان کی مدد کی۔ پاکستان اور ترکی برادر ملک ہیں۔ وزیراعظم ہاوس میں وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے چینی گروپ ایس ای پی /ایس پی آئی سی کے چیئرمین واند یندان اور ترکی کے فارن اکنامک ریلیشنز بورڈ کے چیئرمین عمر وردان نے الگ الگ ملاقات کی۔ جس میں باہمی دلچسپی کی صورتحال سمیت ترقیاتی منصوبوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چینی عہدیدار سے گفتگو میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کی گہری دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔ دونوں ملکوں کی دوستی باہمی اعتماد اور ایمان داری پر مبنی ہے،پاکستان اور چین نے ہر فورم پر ہمیشہ ایک دوسرے کی حمایت کی ہے۔ پاکستان اور چین کے درمیان تزویراتی تعلقات ہیں اور اقتصادی راہداری منصوبہ صرف تزویراتی معاہدہ ہی نہیں بلکہ دوستی کا عکاس ہے۔ دونوں ملک مل کر خطے میں امن اور استحکام لاسکتے ہیں۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے سے خطے میں امن و خوشحالی آئے گی۔ غربت ،بے روزگاری اور پسماندگی کے خاتمے کا منصوبہ ہے۔

اس موقع پر واند یندان نے وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے شاندار استقبال کرنے اور پاکستان میں بہترین میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کی اقتصادی اور مالیاتی پالیسیاں قابل تعریف ہیں’ موجودہ حکومت کی کاوشوں سے پاکستان میں معیشت بحال ہوئی۔ اقتصادی راہداری کی تکمیل کیلئے حکومت کا عزم قابل تعریف ہے۔

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

علاوہ ازیں ترک عہدیدار عمروردان سے ملاقات میں گفتگو کے دوران نواز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکی برادر ملک ہیں اور دونوں ملکوں کی تاریخ مشترک ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان کے مالیاتی مینو فیکچرنگ انفراسٹرکچر اور توانائی شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ ترکی نے ہرمشکل میں پاکستان کی مدد کی اور وزیراعلیٰ پنجاب کا ترکی میں حالیہ پرجوش استقبال دونوں ملکوں کے قریبی تعلقات کا عکاس ہے۔ اس دوران چیئرمین عمروردان نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں ترکی سے تعلقات مضبوط اور مستحکم ہوئے۔

دریں اثناء وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت ایوی ایشن کے امور سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔جس میں وزیراعظم کو ہوائی اڈوں پر کام کی پیشرفت اور بنوں اور مانسہرہ میں ہوائی اڈوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جس میں بتایا کہ اسلام آباد کے نئے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر 82 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ آئندہ سال 14اگست کو فعال ہو جائیگا ، اس پر تمام بنیادی سہولتیں موجود ہوں گی ، رماں ڈیم اور کسانہ ڈیم سے ہوائی اڈے کو پانی فراہم کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہاکہ نیا ہوائی اڈا پیشہ ورانہ مہارات کا شاہکار ہو گا۔

وزیراعظم نوازشریف کو لاہور کے ہوائی اڈے کی توسیع اورعالمی معیار کے مجوزہ ڈیزائن پر بھی بریفنگ دی گئی ، بریفنگ میں بتایا گیا کہ مجوزہ ڈیزائن میں ہسپانوی اور مغلیہ طرز تعمیر کا رنگ دیا گیا ہے۔وزیراعظم نے مجوزہ ڈیزائن کی منظوری اور لاہور ایئرپورٹ کا توسیع کا کام شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔

Saba Naeem

Saba Naeem

تحریر : صبا نعیم