پاک چین اقتصادی راہ داری کے روٹ پر تمام سیاسی پارٹیاں متفق

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاک چین اقتصادی راہداری کے روٹ پر تمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق ہو گیا۔ سب سے پہلے مغربی روٹ کی تعمیر کی جائے گی، یہ روٹ میانوالی سے براستہ ڈیرہ اسماعیل خان، ژوب اور کوئٹہ سے ہوتا ہوا گوادرجائے گا۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہےکہ صوبوں کے خدشات دور کرنے کے لیے ورکنگ گروپس قائم کیے جائیں گے۔ آل پارٹیز کانفرنس میں پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ پر سیاسی جماعتوں کا اتفاق ہوگیا اور طے پایا کہ مغربی روٹ سب سے پہلے مکمل کیا جائے گا۔

اجلاس میں خطاب کرتےہوئے وزیراعظم نواز شریف نے بتایاکہ مغربی روٹ حسن ابدال، میانوالی، ڈیرہ اسماعیل خان اور ژوب سے ہوتا ہوا گوادر تک جائے گا، منصوبے کی نگرانی اور مشاورت کے لیے پارلیمانی کمیٹی قائم کی جائے گی جبکہ صوبوں کے خدشات دور کرنے کے لیے ورکنگ گروپس قائم کیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے اجلاس کو بتایا کہ چین نے اقتصادی راہداری کی صورت میں انمول موقع فراہم کیا، مساویانہ ترقی کو فروغ دیں گے۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں سے اقتصادی راہداری منصوبے کی حمایت پر اظہار تشکر بھی کیا۔