پاکستان کا چین سے اربوں ڈالر مالیت کی 8 آبدوزیں خریدنے کا معاہدہ

Pakistan Navy

Pakistan Navy

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان اور چین کے درمیان اربوں ڈالر کی 8 جدید آبدوزیں خریدنے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔

وزارت دفاع اور چین کے حکام کے درمیان ہونے والے اجلاس میں اربوں ڈالر کے ایک دفاعی معاہدے پر دستخط کئے گئے ہیں تاہم پاکستانی حکام کی جانب سے معاہدے کی رقم کے حوالے سے کسی قسم کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان 8 جدید آبدوزوں کی خریداری کے ایک معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں جو چین کی جانب سے کسی بھی ملک کے ساتھ دفاعی نوعیت کا سب سے بڑا معاہدہ ہے۔

وزارت دفاع کی جانب سے اپریل میں پارلیمنٹ کے اجلاس میں پیش کی جانے والی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے چین سے آبدوزیں خریدنے کا کہا ہے جس کی وزیراعظم نواز شریف نے بھی منظوری دے دی تھی۔دوسری جانب برطانوی اخبار فائننشل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان 4 سے 5 ارب ڈالر مالیت کا دفاعی معاہدہ ہوا ہے۔

وزات دفاع کے ذرائع کے مطابق پاکستان چین کو یہ رقم قسطوں میں ادا کرے گا اور چین آبدوزیں آئندہ چند سالوں میں پاکستان کے حوالے کردے گا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور چین کی شپ بلڈنگ اینڈ آف شور انٹرنیشنل کمپنی لمیٹڈ کے صدر نے معاہدے پر دستخط بھی کردیئے ہیں۔