پاکستان کپ: خیبر پختونخوا نے سندھ کو 7 رنز سے شکست دیدی

Pakistan Cup

Pakistan Cup

فیصل آباد (جیوڈیسک) اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں خیبر پختونخوا کی ٹیم کے کپتان احمد شہزاد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو انتہائی سود مند ثابت ہوا۔

پختونخوا کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 319 رنز کا پہاڑ جیسا ٹوٹل بنایا۔ خیبر پختونخوا کی جانب سے احمد شہزاد 143 جبکہ فخر زمان 68 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

سندھ ٹیم کے گیند بازوں محمد عامر، رومان رئیس اور بلال آصف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس کے بعد 320 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سندھ کی ٹیم میدان میں اتری لیکن اوپنرز خرم منظور اور سمیع اسلم جلد ہی آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد خالد لطیف نے اپنی ٹیم کو سنبھالا دیا۔ خالد لطیف نے 9 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 168 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ تاہم ان کی کارکردگی بھی سندھ کی ٹیم جو میچ جتوانے میں ناکام رہی۔

سندھ کی جانب سے دوسرے کامیاب بلے باز فواد عالم تھے جنہوں نے 74 رنز بنائے۔ سندھ کی ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر صرف 312 رنز ہی بنا سکی۔ یوں خیبر پختونخوا نے یہ میچ سات رنز سے جیت لیا۔

خیبر پختونخوا کی جانب سے ضیا الحق نے 3، سمین گل نے دو جبکہ یاسر شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔