پاکستان کپ میں کھلاڑیوں نے ڈسپلن کو کلین بولڈ کر دیا

Shahzad and Umar

Shahzad and Umar

فیصل آباد (جیوڈیسک) پاکستان کپ میں کرکٹرز نے ڈسپلن کو کلین بولڈ کر دیا، پہلے یونس خان ٹورنامنٹ چھوڑ کر چلے گئے ، پھر احمد شہزاد نے بلا مار کر شیشہ توڑ دیا اور پھر بگڑے بچے عمراکمل کا ڈانس دوبارہ نہ دکھانے پر انتظامیہ سے جھگڑا ہو گیا، ان تمام تنازعات کے باوجود پی سی بی کی دوڑ تحقیقات اور جرمانے تک محدود ہے۔

پاکستان کپ کرکٹ ٹورنامنٹ یا اسکینڈل پارٹی، جس میں ریکارڈ بننے کی بجائے نت نئے اسکینڈل بن رہے ہیں اور پی سی بی کی واٹ لگ رہی ہے ۔ کرکٹ کے بگڑے بچے عمراکمل جو حیدر آباد ہو یا فیصل آباد ، کہیں خود ناچتے ہیں اور کہیں دوسروں سے دوبارہ ناچ دیکھنے کی فرمائش پوری نہ ہونے پر جھگڑا شروع کر دیتے ہیں۔

دوسری طرف سیلفی کنگ احمد شہزاد جو کہ اینگری بوائے کے نام سے بھی مشہور ہیں، پاکستان کپ کے دوران سنچری نہ بنا سکے تو ڈریسنگ روم میں بلا مار کر میز کا شیشہ توڑ دیا ۔ جب انکوائری ہوئی تو کہہ ڈالا ، بلا بیگ پر پھینکا تھا پھسل کر میز کو جا لگا۔

اینگری مین یونس خان جن کو پاکستان کپ میں امپائرنگ پسند نہ آئی تو پہلے امپائر سے تکرار کی اور پھر بعد میں غصے میں ٹورنامنٹ ہی چھوڑ کر چل دیئے ۔ کھلاڑی جو کہ پروفیشنل ازم کے حوالے سے جانے جاتے ہیں، پاکستان کپ میں ان کا یہ رویہ نہ صرف قابل افسوس ہے بلکہ قابل مذمت بھی ہے۔