پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی

Pir Syed Munawar Hussain

Pir Syed Munawar Hussain

لاہور: سجادہ نشین و جانشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نقشبندی نے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ پاکستان کی طرف میلی آنکھ دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال لی جائیں گی۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور خطے میں امن کے فروغ کا خواہاں ہے تاہم کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کیلئے مسلح افواج پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور استعداد کار سے لیس ہیں’ ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے کسی بھی حد تک جانے سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دفاع پاکستان کے موقع پر ”پاکستان زندہ باد کانفرنس ” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پیر میاں عبدالخالق القادری ‘ سجادہ نشین آستانہ عالیہ بھرچونڈی شریف ‘پیر میاں ولید احمد جواد شرقپوری آستانہ عالیہ شرقپور شریف ‘ایوان اتحاد پاکستان کے چیئرمین مفتی نعمان قادر مصطفائی ‘خواجہ سرفراز جماعتی و دیگر علماء و مشائخ نے خطاب کیا۔پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے مزید کہا کہ آج کے دن کا تقاضا ہے کہ ہم پاکستان کی بقائ’ سلامتی اور خوشحالی میں حصہ ڈالنے والوں اور اس کے تحفظ کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو سلام پیش کریں۔ وطن عزیزکی سلامتی اور سالمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دفاعِ پاکستان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ملکی سلامتی اور بقاء کو لاحق کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری قوم یکجان اور متحد ہے، مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ اور جدت کیلئے کوشاں رہیں گے۔

پاکستان ایک پْرامن اور ذمّہ دار ایٹمی قوت ہے، ہم بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے برابری کی سطح پر پْرامن اورخوشگوار تعلقات استوار کرنے کے خواہاں ہیں تاہم دشمن کی سازشوں اور ہتھکنڈوں سے بھی پوری طرح آگاہ ہیں۔ ہم پاکستان کی سلامتی اور سالمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے۔ ‘پیر صاحب آف بھرچونڈی شریف نے خطاب میں کہا کہ دفاعِ پاکستان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گاضرب عضب آپریشن کی کامیابی اس کا ثبوت ہے کہ ہماری افواج اور قوم ملکی سلامتی کو درپیش کسی بھی قسم کے خطرے سے نبردآزما ہونے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سیاسی و عسکری قیادت نے جس مثالی یک جہتی کا مظاہرہ کیا، وہ ملکی تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ پاکستانی قوم، مسلح افواج اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے دہشت گردی کو جڑ سے اْکھاڑنے کیلئے پرعزم ہیں۔ میاں ولید احمد شرقپوری نے کہا کہ یوم دفاع پاکستان ملکی تاریخ کا شاندار اور یاد گار دن ہے۔

مفتی نعمان قادرمصطفائی نے خطاب میں کہا کہ آج قوم مسلح افواج کے ہمراہ یوم دفاع اس عزم کے ساتھ منا رہی ہے کہ مادر وطن کے وقار، قومی سلامتی اورسرحدوں کی حفاظت کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔ خواجہ سرفراز جماعتی نے کہا کہ مادر وطن کے وقار اور دفاع کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان کی تاریخ کا وہ یادگار اور ناقابل فراموش دن ہے جس دن پاکستانی قوم نے اپنی جری، غیور اور دلیر فوج کے شانہ بشانہ ملک کی سالمیت اور حرمت کیلئے شجاعت اور بہادری کی وہ داستان رقم کی جس کی بازگشت آج بھی تاریخ کے ایوانوں میں گونج رہی ہے۔تقریب کے آخر میں سجادہ نشین و جانشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے شہداء 6ستمبر عالم اسلام ‘ملک پاکستان کیلئے خصوصی دعا فرمائی۔