پاکستان زبوں حالی کا شکار اور عوام مشکلات سے دوچارہیں ‘ ایم آر پی

Karachi

Karachi

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) بنگلہ دیش میں خیرات کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے دو درجن سے زائد افراد کی ہلاکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے کہا کہ جب کسی معاشرے میں بالا دست طبقات مفاد پرست اور کرپٹ ہوجاتے ہیں تو اس معاشرے کے کمزور طبقات روزی روٹی سے اس قدر تنگ ہوجاتے ہیں کہ بھوک مٹانے کیلئے مانگنے ‘ چھیننے اور چرانے پر مجبور ہوجاتے ہیں اور حالات اس مقام تک پہنچ جائیں تو ایسے ہی واقعات اور سانحات رونما ہوتے ہیں جیسا بنگلہ دیش میں خیرات کی تقسیم کے دوران ہوا۔

امیر پٹی نے کہا کہ گو پاکستان بھی بالادست طبقات کی منافقت ‘ مفاد پرستی اور کرپشن کے باعث زبوں حالی کی جانب گامزن اور عوام شدید معاشی مشکلات کے ساتھ ذہنی اذیت سے دوچار ہیں مگر پھر بھی اللہ سے دعا ہے کہ وہ پاکستان اور عوام کو اس برے دور سے محفوظ رکھے جس میں کمزور طبقات بھوک مٹانے کیلئے مانگنے ‘ چھیننے اور چرانے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔

امیر پٹی نے داعش کی جانب سے عراق میں عید کی نماز کو غیر شرعی قرار دیتے ہوئے نماز عید پر پابندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خود ساختہ اسلام کے نفاذ کیلئے قتل و غارت کی راہ اپنانے والی داعش اسلام اور مسلمانوں کیلئے بہت بڑا خطرہ ہے جس کا مقابلہ صرف وحدت کے ذریعے ہی ممکن ہے ۔