پاکستانی سفارتخانہ فرانس میں ولادت باسعادت نبی المرسلین صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے ایک پروقار تقریب

Blessings upon the Prophet, ceremony

Blessings upon the Prophet, ceremony

پیرس (صاحبزادہ عتیق سے) پاکستانی سفارتخانہ فرانس میں ولادت باسعادت نبی المرسلین صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب میں سفارتخانہ پاکستان پیرس کے افسران ، عملہ اور کمیونٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا۔ اور نعت خوانی کی سعادت حاجی عبدالرشید نے حاصل کی۔

ناظم تقریب ہیںڈآف قونصلر سیکشن محمد عمر نے کہا کہ نبی المرسلین کی ذات مسلمانوں کیلئے ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کیلئے رحمت العالمین کا درجہ رکھتی ہے۔ علامہ حسن میر قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ کی نعمتوں ، رحمتوں اور فضل میں سب سے بڑھ کر ایمان ہے ۔ اور رسول اکرم بنی نوع انسان پر اللہ تعالیٰ کا سب سے بڑا احسان ہے۔ انسانیت کو شفا ملتی ہے تو محمد الرسول اللہ سے۔ آج حضور صلعم کے اسوۂ حسنہ پر عمل کی ضرورت ہے۔ سفیر پاکستان غالب اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ تمام احباب کو حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کی مبارکباد۔ گزشتہ چودہ سو سال میں دنیا میں بڑی تبدیلیاں آئیں۔ مسلمانوں نے بے شمار فتوحات حاصل کیں لیکن ہم اسلام کا اصل پیغام سامنے نہیں لاسکے۔

ہمیں اسلام کے اصل پیغام اور اور روح کو سامنے لانا ہے۔ حضور صلعم نے بڑی سادہ اور پیاری باتیں کہی ہیں لیکن ہم ان عمل نہیں کرتے ، ان باتوں کو اپنی زندگی کا حصہ نہیں بناتے جسکی وجہ سے ہم زوال پذیر ہیں ۔ ہم سب پر انفرادی ذمہ داری ہے کہ اللہ کے رسول کے حقیقی پیغام کو دنیا میں پھیلایا جائے لوگوں کو اسلام کی اصل روح سے آشنا کیا جائے۔ آج کے دن اپنے پڑوسیوں ، دوستوں کو اپنے نبی کی تعلیمات اور پیغامات کی روشنی میں امن ، رواداری اور بھائی چارے کا پیغام دیں۔ جو دین کسی کو تکلیف دے وہ دین محمدی نہیں ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو ہدیہ عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ انکی تعلیمات پر عمل کیا جائے۔

صاحبزادہ عتیق آلر حمن