پاکستانی ایکسپورٹ میں جولائی تا ستمبر 84 کروڑ ڈالر کی کمی

Dollar

Dollar

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کی ستمبر میں اشیا کی ایکسپورٹ 20.37 فیصد کی کمی سے 1 ارب 73 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تک محدود رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی ماہ میں 2 ارب 17 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔

پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ماہ اشیا کی درآمد بھی 23.27 فیصد کمی سے 3 ارب 48 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہی ستمبر 2014 میں 4 ارب 54 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تھی، ستمبر 2015 کی تجارت میں پاکستان کو 1ارب 75کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا خسارہ ہوا جو ستمبر 2014 میں 2 ارب 36 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے خسارے سے 25.94 فیصد کم ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں اشیا کی برآمد 5 ارب 16 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 6ارب ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔ اس طرح پہلی سہ ماہی میں پاکستانی ایکسپورٹ میں 13.93 فیصد یا 83 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی جبکہ جولائی تا ستمبر 2015 کی مدت میں درآمد بھی 14.39 فیصد گھٹ کر 10 ارب 67 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہی۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں درآمدی بل 12ارب 47 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہا تھا، اس طرح گزشتہ 3 ماہ کے دوران پاکستان کا تجارتی خسارہ بھی 14.81 فیصد کی کمی سے 5 ارب 51 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک محدود رہا جو جولائی تاستمبر 2014 میں 6ارب 47کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہا تھا۔